ہبلی:24/اگست (ایس اؤنیوز)کلسا بنڈوری اور مہا دائی پانی معاملے کو لے کر کسانوں کی طرف سے جاری جدوجہد کے دوران پولس ظلم کا شکار ہونے والا نرگند تعلقہ کے الگواڑی دیہات کا ایک اور کسان ہلاک ہوگیاہے۔
مہلوک کسان کی شناخت نرگند تعلقہ الگواڑی دیہات کے کسان محمد صاحب امام صاحب عطار (39)کی حیثیت سےکی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کلسا بنڈوڑی کی جدوجہد میں شامل کسان محمد صاحب بلاری جیل میں قید تھے جہاں پولس لاٹھی چارج سے ہوئے زخموں کو برداشت کرنا اُن کے لئے مشکل ہوگیا ، ددرد جب بڑھتاگیا تو علاج کے لئے اُنہیں اسپتال میں داخل کیا گیا، لیکن علاج کارگر نہ ہونے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا۔ گھر والوں نے بتایا کہ مہلوک محمد صاحب کے نام پر 4ایکڑ زمین ہے ، زمین کے نام پر کے وی جی ، کے سی سی بینکوں میں 2لاکھ روپئے اور 2لاکھ روپئے دستی قرضہ ہے۔ مہلوک کے پسماندگان میں بیوی اور تین بیٹے ہیں۔
کلسا بنڈوری جدوجہد کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن میں خلل ڈالنے سمیت کئی ایک معاملات میں معصوم کسانوں پر درج کئے مقدمات کی مذمت میں کرناٹکا رکشھنا ویدیکے کے کارکنا ن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا۔